مینگلور 17 / مئی (ایس او نیوز) دو دن قبل قریبی تعلقہ پُتور کے سرکاری بس اسٹینڈ کے قریب بی جے پی ریاستی صدر نلین کمار کٹیل اور سابق وزیر اعلیٰ و رکن پارلیمان سدانند گوڈا کو بی جے پی کی شرمناک ہار کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان کی تصویروں پر چپلوں کا ہار لٹکاتے ہوئے جو بینر لگایا گیا تھا اس معاملے میں پولیس نے 9 ملزمین کو گرفتار کرلیا تھا، مگر بعد میں تمام کو وارننگ دے کر رہا کیا گیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ملزمین کے نام اویناش، شیواراما، چیتریش، ایشور، نشانت، دیکشیت، گروپرساد، شیوا راما اور مادھوا ہیں جو کہ نریموگارو کے رہنے والے ہیں ۔ مزید دو ملزمین کی تلاش جاری ہے ۔
پتہ چلا ہے کہ تمام ملزمین کا تعلق ہندوتواوادی گروہ سے ہے اور ان کی گرفتاری کے بعد بی جے پی سے ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑنے اور ہارنے والے ارون کمار پوتیلا نے ڈی وائی ایس پی سے ملاقات کی اور ان گرفتاریوں کے تعلق سے بات چیت کی ۔ جس کے بعد پولیس نے تمام ملزمین سے تحریری اقرار نامہ لینے کے بعد انہیں رہا کردیا ۔
اسی بیچ ملزمین نے پولس پر الزام لگایا ہے کہ پولیس عملہ نے انہیں بڑی بے رحمی سے پیٹا ہے اور تفتیش کے دوران ان پر تھرڈ ڈگری کا استعمال کیا ہے ۔ مبینہ طور پر پولیس کی طرف سے ملزموں کو بے دردی کے ساتھ پیٹنے کے نشانات والے امیجس سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئے ہیں اور ہندوتوا وادی کارکنان کے ساتھ پولیس کا یہ رویہ دیکھ کر بی جے پی کارکنان سخت ناراضگی ظاہر کر رہے ہیں ۔